حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 18 مئی کو گلزار حوض کے قریب پیش آئے آتشزدگی سانحہ کے مہلوکین کے پسماندگان کو ایکس گریشیا کے طور پر 85 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ سکریٹری محکمہ مال لوکیش کمار نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے اور ضلع کلکٹر حیدرآباد ایکس گریشیا کی رقم حوالے کرنے کی ذمہ داری دی گئی ۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ضلع کلکٹر حیدرآباد کو 85 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں تاکہ گلزار حوض کے قریب آتشزدگی سانحہ کے مہلوکین کے پسماندگان کو بطور ایکس گریشیا یہ رقم حوالے کی جائے۔ 18 مئی کو پیش آئے اس سانحہ میں 17 افراد جھلس کر ہلاک ہوئے تھے۔ 18 مئی کی علی الصبح پیش آئے اس واقعہ میں ایک ہی خاندان کے تمام افراد آگ میں کچھ اس طرح پھنس گئے تھے کہ انہیں بچانے کی تمام کوششیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ 8 افراد اس واقعہ میں جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔ حکومت نے اس واقعہ کی جانچ اور پسماندگان کے لئے ایکس گریشیا کا تیقن دیا تھا۔1