حیدرآباد : /18 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ چارمینار کے قریب گلزار حوض کی ایک عمارت میں آگ لگنے سے 17 افر اد ہلاک اور 4 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہلوکین کے افراد خاندان کے غم میں وہ بھی شامل ہیں ۔ اور انہوں نے زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے ریاستی حکومت سے کہا اور مہلوکین کو PMNRF کے تحت فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس پچاس ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا ۔
٭ آندھراپردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں اور مہلوکین کے افراد خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔
٭ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے بھی گلزار حوض میں آتشزدگی سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کرکے کہا کہ زخمیوں کی خدمت کیلئے پارٹی کا ہر کارکن تیار ہے ۔
٭ جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے گلزار حوض میں آتشزدگی کے المناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت دکھ ہوا جس میں معصوم شہریوں کی جانیں چلی گئیں ۔ مہلوکین کے خاندان کو تعزیت پیش کی اور کہا کہ زخمیوں کو حکومت کی جانب سے ہرممکنہ مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے حکام سے گزارش کی کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ (ش)
