پسماندگان کیلئے فی کس 2 لاکھ اور زخمیوں کو 50 ہزار کی امداد کا اعلان
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے گلزار حوض میں آتشزدگی واقعہ میں 17 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیام میں متوفی افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مرکزکی جانب سے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپیوں کی امداد دی جائے گی۔ اسی دوران مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے علاقہ کا دورہ کرکے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے اس مکان کا بھی دورہ کیا جس میں آگ لگی تھی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ نے مرکزی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کشن ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت سے متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر کو واقعہ کی تفصیلات روانہ کیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اس سانحہ کیلئے وہ کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیتے کیونکہ آتشزدگی کی وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جس مکان میں آگ لگی تھی اس کے مکینوں کے لئے باہر نکلنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ کشن ریڈی نے مہلوکین کے پسماندگان سے ملاقات کی اور مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ 1