گلف مزدوروں کے نقصانات کی پابجائی کا مطالبہ

   

کتھلاپور کے متوفی شخص کے ورثاء کو پرسہ کے موقع پر ایم ایل سی جیون ریڈی کی میڈیا سے بات چیت

کورٹلہ ۔ 17 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی جیون ریڈی رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کانگریس قائد نے بروز جمعرات کتھلاپور منڈل کے گھمبیرپور کے متوطن لنکا دسری وینکٹیش شخص جس کی گلف میں موت واقع ہوئی تھی۔ ان کے مکان پہنچ کر ان کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ سے گلف میں 15 لاکھ مزدور روزگار حاصل کررہے ہیں۔ مزدوروں کی محنت کے سبب مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہر سال 15 ہزار کروڑ بیرونی زرمبادلہ رقم حاصل ہو رہی ہے۔ گزشتہ 8 سال کے دوران مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہر سال 144 ہزار کروڑ آمدنی حاصل ہونے کے باوجود گلف مزدوروں کے نقصانات کی پابجائی نہیں کررہی ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے حکومت سے گلف میں فوت ہونے والے افراد کے بچوں کو تعلیم میں 5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام حلقہ جات کے ارکان اسمبلی پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گلف میں فوت ہونے والے ریاست سے تعلق رکھنے والے افراد کے متعلق مکمل جانکاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ رمیش بابو رکن اسمبلی ویملواڑہ جو خود ایک این آر آئی ہیں کیا انہیں این آر ائیز کی تکالیف معلوم نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے گلف میں فوت ہونے والے افراد کے ارکان خاندان کو سہارا دینے کے لئے 100 کروڑ پیاکیج کے اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔ گلف میں فوت ہونے والے ہر فرد کو 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں متوفی کے ارکان خاندان کو صدر راجنا سرسلہ کانگریس آئی پارٹی 5 ہزار، جیون ریڈی ایم ایل سی 5 ہزار روپے اور 50 کیلو چاول حوالے کئے۔ اس موقع پر صدر منڈل کانگریس آئی پارٹی کے ناگاراجو، بلاک کانگریس آئی صدر عظیم، پردیش کانگریس آئی اس کی ممبرس کوٹا انجیار، بی ہری پرساد موجود تھے۔