چیف منسٹر ریونت ریڈی کو رکن کونسل جیون ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خلیجی ممالک میں روزگار سے محروم ورکرس کی بازآبادکاری کے اقدامات کی اپیل کی۔ جیون ریڈی نے مکتوب میں بتایا کہ تلنگانہ کے کئی اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد خلیجی ممالک میں روزگار سے محرومی اور دیگر مسائل کا سامنا کرنے کے بعد وطن واپس ہوچکے ہیں۔ کئی خاندان معاشی بحران کا شکار ہیں، ایسے خاندانوں کے لئے حکومت کی جانب سے روزگار پر مبنی اسکیم متعارف کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے ورکرس کے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کرنے کی اپیل کی۔ کیرالا کی حکومت کی طرز پر گلف ورکرس کے لئے ویلفیر بورڈ قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ جیون ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کے 15 لاکھ سے زائد افراد خلیجی ممالک میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ ہر ماہ وہ ریاست کو 10 ہزار روپئے روانہ کرتے تھے، اس طرح ہر ماہ 1500 کروڑ کا بیرونی زرمبادلہ ریاست اور ملک کو حاصل ہورہا تھا جبکہ ہر سال 18000 کروڑ خلیجی ممالک سے ہندوستان کو آمدنی ہورہی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ روزگار سے محروم ہزاروں ورکرس واپسی کے منتظر ہیں اور سڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ جیون ریڈی نے تلنگانہ میں ویلفیر بورڈ کے قیام کے ذریعہ گلف ورکرس کی واپسی اور واپس ہوچکے افراد کی بازآبادکاری کے اقدامات کی اپیل کی۔ 1