سری نگر،30دسمبر(یو این آئی)وادی کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں نئے سال کی تقریبات سے قبل ہی سیاحوں کی آمد بے حد بڑھ گئی ہے اور ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور ہوم اسٹیٹس میں سو فیصد بُکنگ درج کی گئی ہے ۔ گلمرگ میں موجود تقریباً تمام رہائشی سہولیات 27 دسمبر سے ہی مکمل طور پر بھری ہوئی ہیں، جس سے اس سال کے سرمائی سیزن کے غیر معمولی رش کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔محکمہ سیاحت کے حکام کے مطابق وادی میں برفباری کے امکانات اور نئے سال کی تقریبات نے گلمرگ میں سیاحوں کا ہجوم بڑھا دیا ہے ۔ اسی دوران سیاحوں کا کہنا ہے کہ گلمرگ کی برفباری، قدرتی حسن اور ایڈونچر سرگرمیاں اسے نئے سال منانے کیلئے ملک کا سب سے بہترین مقام بناتی ہیں۔
