نئی دہلی : صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج حکومت پر شدید تنقید کی کہ گزشتہ سال 15 جون کو لداخ کی گلوان وادی میں چینی دستوں کے ساتھ پیش آئی جھڑپ میں 20 ہندوستانی سپاہی شہید ہوئے لیکن ابھی تک اِس معاملے میں حقائق واضح نہیں کئے گئے ہیں۔ سونیا گاندھی نے ایک بیان میں کہاکہ ایک سال گزر جانے کے باوجود قوم حقیقت حال سے ناواقف ہے۔ مرکزی حکومت نے حقیقی خط قبضہ کے پاس پیش آئی جھڑپ میں چینی فوجیوں کی بھی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا لیکن اِس بارے میں مزید جانکاری نہیں دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ صبر سے ایک سال انتظار کیا گیا اور حکومت کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنا موقف واضح کرے اور اُن حالات سے قوم کو واقف کرائے جن میں یہ عدیم النظیر واقعہ پیش آیا تھا۔ ہمارے بہادر جوانوں نے قربانی دی لیکن مرکز کا رویہ اُن کی قربانی رائیگاں کررہا ہے۔