دنیا بھر سے 3000 شخصیتوں کو دعوت، ریونت ریڈی نے کئی معززین نے بات چیت کی
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 8 اور 9 ڈسمبر کے گلوبل سمٹ میں دنیا بھر سے 3000 مختلف شعبہ جات کی نامور شخصیتوں کو مدعو کیا ہے۔ برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیر، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے میڈیا اور ٹکنالوجی گروپ کے صدر اریک سویڈر، متحدہ عرب امارات شاہی خاندان کے ارکان اور مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرس کی شرکت کا امکان ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی گلوبل سمٹ انتظامات کی راست طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ تلنگانہ کو عالمی سطح پر پیش کرنے میں گلوبل سمٹ معاون ثابت ہوگا۔ مرکز کے وکست بھارت 2047 نظریہ کے عین مطابق تلنگانہ کی ترقی کیلئے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن تیار کیا جارہا ہے۔ معاشی ترقی کے علاوہ مختلف شعبہ جات بالخصوص فلاحی شعبہ میں حکومت کے اقدامات سے مندوبین کو واقف کرایا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی جانب سے دنیا بھر میں 3000 عظیم شخصیتوں کو دعوت نامے روانہ کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے بعض شخصیتوں سے ٹیلی فون پر بات کی۔ متحدہ عرب امارات شاہی خاندان کے شیخ طارق القاسمی نے شرکت کی اطلاع دی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، جاپان، چین اور دیگر کئی ممالک کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرس نے گلوبل سمٹ میں شرکت کی توثیق کی ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ گلوبل سمٹ سے تلنگانہ میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ تلنگانہ حکومت 2047 تک ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا نشانہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 9 ڈسمبر کو تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن ڈاکومنٹ جاری کریں گے۔ 1
سرکاری ملازمین کے بلز کے تحت 707 کروڑ کی اجرائی
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے سرکاری ملازمین کے زیر التواء بلز کے 707.30 کروڑ جاری کرنے احکام جاری کئے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کے بقایاجات کی مرحلہ وار طور پر اجرائی کا وعدہ کیا تھا۔ وعدے کی تکمیل کرکے بھٹی وکرامارکا نے محکمہ فینانس کو 707.30 کروڑ کی اجرائی کی ہدایت دی۔ ملازمین کے ماہ نومبر کے زیر التواء بلز کے تحت یہ رقم جاری کی گئی ہے۔ حکومت نے ملازمین کی تنظیموں کو ہر ماہ 700 کروڑ کی اجرائی کا وعدہ کیا تھا۔ 1