وزیراعظم اور مرکزی وزراء کی شرکت کا امکان، قومی اور بین الاقوامی اداروں سے سرمایہ کاری معاہدات
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گلوبل سمٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں کیوں کہ ملک اور بیرون ملک کی اہم شخصیتیں سمٹ میں شرکت کریں گی۔ 8 اور 9 ڈسمبر کو بھارت فیوچر سٹی میں تلنگانہ رائزنگ 2047 گلوبل سمٹ منعقد ہوگا جس میں وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزراء اور قومی اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں کی شرکت متوقع ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سمٹ کے موقع پر عالمی اداروں کے ساتھ حکومت کے معاہدات کا امکان ہے۔ سمٹ میں تلنگانہ کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے بزنس لیڈرس کا انتخاب کرتے ہوئے مدعوئین کی فہرست تیار کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ انتظامات کو جنگی خطوط پر مکمل کیا جانا چاہئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر ڈی سریدھر بابو اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جائزہ اجلاس میں شریک تھے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ سمٹ میں 2600 مندوبین کی شرکت کا امکان ہے۔ 2 روزہ سمٹ کے لئے ریاست کی ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں پر مشتمل اسٹالس لگائے جائیں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ جات کو دی گئی ہے۔ سمٹ میں مختلف موضوعات پر مندوبین کی تقاریر کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ ہر سیشن کے انچارج کے طور پر ایک آئی اے ایس عہدیدار کو مقرر کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے برانڈ امیج کی عالمی سطح پر تشہیر کے لئے ڈرون شو اور تہذیبی پروگراموں کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ جاریہ ماہ کے اختتام تک تمام محکمہ جات کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے 30 نومبر تک روزانہ انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1