گلوبل سمٹ کی تیاریوں میں کوئی بھی کوتاہی ناقابل برداشت

   

Ferty9 Clinic

سریدھر بابو نے فیوچر سٹی کا دورہ کیا، سمٹ کے انتظامات کا شخصی طور پر جائزہ
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے فیوچر سٹی کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے سمٹ کے مقام پر چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔ سریدھر بابو نے انتظامات کا شخصی طور پر جائزہ لیا اور بعض گوشوں میں تبدیلیوں کی سفارش کی۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ 5 ڈسمبر تک تمام تیاریاں مکمل کرلی جائیں اور 6 ڈسمبر کو فیوچر سٹی سمٹ کے لئے مکمل تیار رہنا چاہئے۔ حکومت کی جانب سے 6 ڈسمبر کو سمٹ کا ٹرائل رن رہے گا۔ سریدھر بابو نے بعض محکمہ جات کی جانب سے کاموں میں سست روی پر ناراضگی جتائی اور کہاکہ عالمی سطح کے اِس ایونٹ کی تیاریوں میں کسی بھی خامی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ گلوبل سمٹ کا مقام بھی عالمی توجہ کا مرکز ہونا چاہئے۔ محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ حکومت کے 2 سالہ ترقیاتی اور فلاحی کاموں کی تفصیلات کو مؤثر انداز میں مندوبین تک پہنچایا جائے۔ چیف منسٹر کی جانب سے محکمہ جاتی جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ 6 ڈسمبر سے بیرونی مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور اُن کے استقبال اور رہائش کے انتظامات کے لئے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سریدھر بابو نے عالمی ایونٹ کے موقع پر اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اور پارکنگ کے مؤثر انتظامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔1