گلوبل ٹی 20: بابر ، رضوان اور شاہین کو این او سی نہیں

   

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کیلئے اسٹار کھلاڑیوں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو این او سی (نو آبجکشن سرٹفکیٹ) جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے بیان کے مطابق پاکستان کی غیر معمولی مصروفیت اور ان تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنا تھی۔ پی سی بی کو تینوں کرکٹرز کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے پیش نظر یہ پاکستان کرکٹ اور تینوں کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ میں حصہ نہ لیں۔ مزید کہا گیا کہ اس سے کھلاڑی سیزن کیلئے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی شکل میں ہوں گے جس کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔ اس سے قبل پی سی بی نے اسی بنیاد پر نسیم شاہ کو بھی این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی کئی ایونٹس میں پے در پے ناکامیوں کے بعد بورڈ نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔