گلوبل ڈرگ ریاکٹ : بالی ووڈ، داؤد ، فارما کمپنی کے روابط!

,

   

نیویارک ؍ ممبئی ، 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی (ڈی ای اے) کی جانب سے بے نقاب کئے گئے سب سے بڑے ڈرگ ریاکٹس میں سے ایک کا ہندوستانی ربط ظاہر ہوا ہے اور اس کی کڑی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ایک سابق مددگار سے اور ایک فارماسیوٹیکل کمپنی سے جاملتی ہے جو مبینہ طور پر ہندوستان سے کام کررہی ہے، جہاں mandrax اور ephedrine جیسے ڈرگس تیار کئے جارہے ہیں۔ اس جامع تحقیق میں دو سابقہ بالی ووڈ اداکاراؤں کے شوہر بھی ملوث ہیں، جن پر کینیا سے اُبھرنے والی انٹرنیشنل ڈرگ ٹریفکنگ کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ یہ تحقیقاتی رپورٹ جو ڈی ی اے نے 25 جولائی 2019ء کو یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ، سدرن ڈسٹرکٹ آف نیویارک میں داخل کی، اس میں ڈی کمپنی کے مددگار وکی گوسوامی، بالی ووڈ ایکٹریس ممتا کلکرنی کے شوہر اور ایک دیگر بالی ووڈ اسٹار کم شرما کے سابقہ شوہر علی پونجانی کے ناموں کا تذکرہ ہے۔ کیا ممتا کلکرنی اس انٹرنیشنل ڈرگ ریاکٹ کی مرکزی کردار ہے؟ اس سوال کا قطعی جواب ابھی نہیں ملا ہے۔ رپورٹ کا انکشاف ہے کہ وکی گوسوامی جو جنوبی افریقہ میں ڈی کمپنی کیلئے سرگرم ’ڈرگ لارڈ‘ رہا، بعد میں اس نے اپنا اڈہ کینیا کو منتقل کرلیا جہاں سے وہ منڈراکس، کوکین، حشیش، ہیروئن اور ایفڈرین کی بڑی بڑی مقداریں اسمگل کرنے لگا۔ ڈی ای اے عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ جب مبینہ طور پر ایفڈرین تیار کرنے والی انڈین کمپنی میں چیکنگ کی گئی، اسے بند کردیا گیا۔ رپورٹ میں کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔