گلوبیرنیا میری بے نامی کمپنی ہے تو ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں

   

کے ٹی آر کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا چیلنج ، میڈیا سے غیر رسمی بات چیت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے جن میں گلوبیرنیا کو کے ٹی آر کی بے نامی کمپنی قرار دیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ اس کا ثبوت پیش کریں یا غیر مشروط معذرت خواہی کریں ۔ آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے سوال کیا کہ اگر گلوبیرنیا واقعی میری بے نامی کمپنی ہے تو اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس حکومت نے اس کمپنی کے ساتھ نئے معاہدے اور کنٹراکٹس کیوں کیے؟ یہ کتنا مضحکہ خیز اور نامعقول ہے کہ آپ کی اپنی حکومت اس کمپنی کو کام دیتی ہے اور پھر میڈیا کے سامنے اسے میری بے نامی کمپنی قرار دیتی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس جھوٹے اور من گھڑت الزام پر چیف منسٹر کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج چکے ہیں ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ وہ گلوبیرنیا کے معاملے میں (CID) تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو للکارتے ہوئے کہا کہ کیا ریونت ریڈی اپنے خاندان پر لگے کرپشن کے الزامات اور کیسیس کی (SIT) اور (CID) تحقیقات کرانے کی ہمت رکھتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن میں کانگریس کے ساتھ اور رات میں بی جے پی کے ساتھ رہتے ہیں ۔ اگر وہ کانگریس کو ایک پیاکیج دیتے ہیں تو بی جے پی کو دو پیاکیج بھیج رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی وزیراعظم نریندر مودی کا نام تک لینے سے ڈرتے ہیں ۔ ایک طرف وہ اپنے پرانے مقدمات سے خوفزدہ ہیں تو دوسری طرف امرت اسکیم اور دیگر بڑے کنٹراکٹ کے فوائد کے لیے مرکزی حکومت اور بی جے پی کے ساتھ سمجھوتے کی سیاست کررہے ہیں ۔ نیٹ پیپرس لیک کے خلاف لوک بھون کے سامنے احتجاج کرنے کے بجائے کوڑنگل میں دھرنا دینا محض ایک سیاسی ڈرامہ اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ۔ کے ٹی آر نے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر یا تو گلوبیرنیا سے متعلق ان کے بے نامی ہونے کا ٹھوس ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں ورنہ اپنے جھوٹے الزامات پر برسر عام معافی مانگیں ۔۔ 2/m/b