گلودادا کی فلموں میں واپسی کے اعلان پر شائقین میں خوشی کی لہر

   

نرمل /23 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حیدرآبادی فلموں کے معروف اداکار عدنان ساجد خان ( گلودادا) جنہوں نے فلمی دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہونچنے کے بعد ایک سال قبل اداکاری سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا ۔ جبکہ کئی ریاستوں اور خلیجی ممالک میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔ تاہم نوجوانوں اور چاہنے والوں کے بے حد اصرار پر دستبرداری کے حصار کو توڑ کر نوجوانوں کی محبت کے احترام میں انوہں نے پھر سے فلموں میں آنے کا اعلان کردیا تو ان کے چاہنے والوں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ نمائندہ سیاست جلیل ازہر نے گلو دادا سے فون پر بات چیت کی تو انہو ںنے بتایا کہ دور جدید میں جہاں قدم قدم پر سازش ہوتی ہے ۔ یہاں لوگ کسی کو اٹھتا ہوا نہیں دیکھ سکتے ۔ ہر کوئی دسرے کے کاندھوں کو اپنی بلندی کیلئے استعمال کر رہا ہے ۔ ایسے ماحول پر نوجوانوں کی میرے ساتھ بے پناہ محبت نے مجھ میں نیا حوصلہ بخشا ہے ۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں اپنے چاہنے والوں کے اداکاری کے ذریعہ اچھا پیام دے سکوں۔ اس لئے میں نے فیصلہ کرلیا کہ ماہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے اختتام کے بعد اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھوں گا کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ تعریف اپنے آپ کرنا فضول ہے ۔ خوشبو خود بتادیتی ہے کونسا پھول ہے۔ شاید دریا کی طرح انہیں یقین ہے کہ جس طرف بھی چل پڑیں گے راستہ ہوجائے گا ۔ برسوں سے نوجواوں و فلمی شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے گلو دادا کی واپسی پر اتنا کہا جاسکتا ہے کہ جب دل کسی پہ ٹہر جائے تو ذہن کسی اور کو قبول نہیں کرتا ۔ راقم الحروف بھی گلو دادا کی فلموں میں دوبارہ واپسی پر مبارکباد پیش کرتا ہے ۔