چینائی : معروف گلوکار دو مہینے طویل علالت کے بعد چینائی کے ایک ہاسپٹل میں فوت ہوگئے۔ اُن کی عمر 74 سال تھی۔ آنجہانی 5 اگسٹ سے ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے۔ سبرامنیم کے بیٹے ایس پی چرن کی جانب سے اپنے والد کے انتقال کی خبر دیئے جانے کے بعد سوشیل میڈیا پر تعزیتی پیغامات آنا شروع ہوگئے۔ بالا سبرامنیم، اے آر رحمان اور اداکار کملا ہاسن کی رفاقت طویل عرصہ تک قائم رہی۔ ٹامل فلموں میں کملا ہاسن کے گانے زیادہ تر ایس پی بالا سبرامنیم نے ہی گائے۔ یہاں تک کہ جب کملا ہاسن نے ہندی فلموں میں فلم ’’ایک دوجے کیلئے‘‘ سے اپنی شروعات کی تو اُس فلم میں بھی کملا ہاسن کے تمام گانے بالا سبرامنیم نے ہی گائے۔ اُنھیں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ اس موقع پر فلمی صنعت کے علاوہ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھی بالا سبرامنیم کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اُن کی موت کو ملک کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔