ٹی کانگریس، ٹی بی جے پی کے سی آر کی بھیک ، عنقریب کارپوریشن کے نامزد عہدوں پر تقررات
حیدرآباد۔7 ۔ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہر محاذ پر دونوں جماعتوں کو منہ توڑ جواب دینے کی پا رٹی قائدین کو ہدایت دی اور ساتھ ہی بہت جلد 500 نامزد جائدیادوں پر تقررات کرتے ہوئے پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے قائدین سے انصاف کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ آج جل وہار میں گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ 20 سال کے سی آر کی جدوجہد کے بعد علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے ۔ تلنگانہ کانگریس اور تلنگانہ بی جے پی چیف منسٹر کے سی آر کی دی ہوئی بھیک ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں نظر انداز ہونے والے قائدین علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پاتے ہی کے سی آر کو ہی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے نچلی سطح کی سیاست کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کا منہ توڑ جواب دینے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد کی طاقتور جماعت ہے جس کے 60 لاکھ ارکان ہیں۔ ریاست کے 33 اضلاع میں ٹی آر ایس پارٹی کے دفاتر تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے پا رٹی قائدین کو آپس میں ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہوئے 29 ستمبر تک 6300 بستی و کالونی کمیٹیاں تشکیل دینے کا مشورہ دیا ۔ ساتھ ہی 150 ڈیویژنس میں کمیٹیاں تشکیل دینے پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گلی سے دہلی تک ٹی آر ایس کی جئے جئے کار ہے پارٹی کیلئے دن رات کام کرنے والے قائدین کے ساتھ پارٹی انصاف کرے گی ۔ عنقریب نامزد عہدوں میں صدر نشین کے علاوہ ارکان کی 500 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی میں معاون ارکان کا بھی انتخاب کیا جائے گا ۔ سوشیل میڈیا کمیٹیوں کے ذریعہ حکومت کی اسکیمات پارٹی کے پروگرامس کی تشہیر اور اپوزیشن جماعتوں کے جھوٹے الزامات کا منہ توڑ جواب دینے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔ N