گل ، اسٹوکس اور ملڈر ایوارڈ کیلئے نامزد

   

نئی دہلی، 6 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کے ٹسٹ کپتان شبھمن گل کو جولائی 2025 کے لیے آئی سی سی مردوں کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ویان ملڈر بھی اس اعزاز کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔گل نے جولائی میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹسٹ میچوں میں94.5 کی اوسط سے 567 رنز بنائے۔ ایجبسٹن میں انہوں نے پہلی اننگز میں 269 اور دوسری اننگز میں161رنزکی شاندار اننگزکھیل کر ہندوستان کو 336 رنز سے ریکارڈ فتح دلائی۔ ایک میچ میں ان کے430 رنز، انگلینڈ کے سابق بیٹرگراہم گوچ کے456 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے چوتھے ٹسٹ میں 103 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیمکو ڈرا دلانے میں مدد دی۔ بطور کپتان اپنی پہلی سیریز میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے گل نے نہ صرف تحمل دکھایا بلکہ جارحانہ اسٹروک پلے سے بھی ٹیم کو مشکل وقت میں سنبھالا ۔بین اسٹوکس نے جولائی میں ہندوستانکے خلاف تین ٹسٹ میں 50.20 کی اوسط سے 251 رنز بنائے اور12 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ لارڈز اور اولڈ ٹریفورڈ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں دو بارپلیئر آف دی میچ قرار دیاگیا، جن میں141رنزکی دھواں دھار اننگز اور5 وکٹیں شامل ہیں۔ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف دو ٹسٹ میچز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 265.5 کی اوسط سے531 رنز اسکورکیے۔ انہوں نے دوسرے ٹسٹ میں ناقابلِ شکست 367 رنز بنائے۔