ممبئی،4 اکتوبر (یواین آئی) ٹسٹ کیپٹن شبھ من گل روہت شرما کی جگہ ہندوستان کے نئے ونڈے کپتان بننے کیلئے تیار ہیں اور وہ 19 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ روہت کو ٹیم میں بیاٹر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے اور وہ ویراٹ کوہلی کے ساتھ مارچ میں چمپئنز ٹرافی کے بعد پہلی بار دوبارہ ہندوستان کی نمائندگی کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ 26سالہ گل اب ٹسٹ اور ونڈے کپتان اور ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر تینوں فارمٹس میں باضابطہ قیادت کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ اور چند ماہ کے دوران انھیں تینوں فارمٹس میں قیادت کا موقع مل رہا ہے۔ 38 سالہ روہت دسمبر 2021سے ہندوستان کے کل وقتی ونڈے کپتان تھے ۔ مجموعی طور پر انہوں نے 56 ونڈے میچوں میں ہندوستان کی قیادت کی ، 42 جیتے اور 12 میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ ایک میچ ٹائی اور ایک میچ منسوخ ہوا ۔ انہوں نے اسٹینڈ ان کیپٹن کے طور پر 2018 ایشیا کپ ٹائٹل اور پھر کل وقتی کپتان کے طور پر 2023 ایشیا کپ ٹائٹل تک ہندوستان کی قیادت کی ۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان 2023کے ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچا ۔ ان کا دور مارچ میں ہندوستان کے 2025 کی چمپئنز ٹرافی جیتنے کے ساتھ ختم ہوا ۔ روہت اور کوہلی دونوں ٹسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائر ہو چکے ہیں ، اس لیے آسٹریلیا میں آئندہ ونڈے سیریز سات ماہ سے زیادہ عرصے میں ان کی پہلی بین الاقوامی مصروفیت ہوگی ۔ آسٹریلیا میں تین ونڈے میچوں کے بعد ان کے پاس ہندستان کیلئے کھیلنے کا اگلا موقع نومبر؍دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف اور جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین ونڈے میچوں کی ہوم سیریز میں ہوگا ۔
آسٹریلیا ٹور کیلئے ونڈے ٹیم
٭ شبھمن گل (کپتان)، یشسوی جیسوال، روہت شرما، ویراٹ کوہلی، شریاس ائیر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، دھروو جوریل (وکٹ کیپر)۔