نئی دہلی۔ ڈینگی بخار سے صحت یاب ہونے کے بعد ہندوستان کے نوجوان اوپنر شبمن گل چنئی سے احمد آباد پہنچ گئے ہیں تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا 24 سالہ کھلاڑی پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں کھیل سکیں گے جوکہ یہاں ہفتہ کو منعقد ہونے والا ہے ۔گل کے مرض نے انہیں ہندوستان کے پہلے دو میچوں آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف ایونٹ سے باہر رکھا۔ ان کی غیر موجودگی میں بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر ایشان کشن نے دونوں گیمز میں کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگزکا آغاز کیا۔کرک بز کی رپورٹ کے مطابق تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن (ٹی این سی اے) کے حکام نے بتایا کہ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ گل پرواز کرنے کے لیے صحت مند ہیں۔ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ دہلی نہیں جا سکے کیونکہ اس کے پلیٹلیٹ کی تعداد کم تھی اور طیارہ کا سفر مناسب نہیں تھا۔گِل ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے سے ہندوستان کی ونڈے صف میں ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ اس سال فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 72.35 کی اوسط اور 105.03 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1230 رنز بنائے، جس میں اپنے آخری چار ونڈے میچوں میں دو سنچریاں اور اتنی ہی نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔لگاتار دوگیمز جیتنے کے بعد ہندوستان ہفتہ کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جیت کی دوڑ جاری رکھنا کا خواہاں ہے۔