چیتیشور پجارا کا مشورہ
نئی دہلی : ہندوستان کے سابق بلے باز چتیشور پجارا کا ماننا ہے کہ ٹیم انڈیا کے نئے کپتان شبھمن گل کو کپتان کی ذمہ داری سنبھالنے کے باوجود اپنے بیٹنگ کے انداز میں تبدیلی نہیں لانی چاہئے ۔ ہندوستان پانچ ٹسٹ میچس کی سیریز 20 جون سے انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا ۔ پجارا نے کہا کہ گل کا بلے بازی کا فطری انداز ہی برقرار رہنا چاہئے تاہم ساتھ ہی انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ وہ کونسے شاٹس بہتر انداز میں کھیل سکتے ہیں اور صورتحال کے مطابق کیسے کھیلا جانا چاہئے ۔ شبھمن گل کو ہندوستانی ٹیم کا 37 واں ٹسٹ کپتان کل مقرر کیا گیا تھا کیونکہ روہت شرما ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ گل بحیثیت کپتان پہلا دورہ انگلینڈ کا کرنے والے ہیں ۔ پجارا نے کہا کہ جہاں تک گل کے بیٹنگ انداز کا سوال ہے تو وہ یہیں کہیں گے کہ اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نہ ہی کوئی تبدیلی آنی چاہئے ۔ انہیں ٹسٹ فارمٹ کے اعتبار سے بلے بازی کرنی چاہئے ۔ وہ جارحانہ تیور والے بلے باز ہیں اور اپنے شارٹس کھیلنا چاہتے ہیں۔ وہ کہیں گے کہ انہیں اپنے انداز ہی میں اپنے شارٹس کھیلنا چاہئے ۔ ساتھ ہی انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ میدان پر موجود صورتحال کے حساب سے ان کیلئے کون سے شارٹس کھیلنا بہتر ہوگا اور ٹیم کے مفاد میں کیا بہتر رہے گا ۔