بنگلور ۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 19 ستمبر کو دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹیم انڈیا کا ٹسٹ سیزن اس سیریز سے شروع ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کو اس سیزن میں جملہ 10 ٹسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ ساتھ ہی ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ اس سیریز کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ اس سیریز میں ٹیم کے ایک اسٹارکھلاڑی کو آرام دیا جائے گا۔ یہ کھلاڑی اسٹار اوپنر شبھمن گل ہیں، جو ٹسٹ میں تیسرے نمبر پر کھیلتے ہیں اور ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد ٹیم انڈیا کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹسٹ میچوں کا سامنا کرنا ہے۔ ایسی صورتحال میں رپورٹس کے مطابق ورک لوڈ مینجمنٹ کو دیکھتے ہوئے شبمن گل کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دیا جائے گا کیونکہ امکان ہے کہ وہ رواں سیزن میں تمام 10 ٹسٹ میچز کھیلیں گے۔ گل ٹسٹ فارمیٹ میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور یشسوی جیسوال کے ساتھ ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے بارے میں بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے کہا کہ ، ہاں شبمن گل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریزکے لیے آرام دیا جائے گا۔ اگر آپ میچوں کی تعداد دیکھیں تو تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 10 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ 16 اکتوبر کو شروع ہوگا۔ اس لیے تین دن کے وقفے کو دیکھتے ہوئے گل کو آرام دینا ضروری ہے۔ گل کو زمبابوے کو حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی کپتان بنایا گیا تھا۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے بعد انہیں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے لیے کپتان مقررکیا گیا تھا، جسے ہندوستان نے 4۔1 سے جیتا تھا۔