گل کو روہت کا جانشین بنائے جانے کے اشارے

   

نئی دہلی ۔ یہ ایک بڑا سوال ہے کہ روہت شرما کے بعد ٹیم انڈیا کا ونڈے اور ٹسٹ کپتان کون ہوگا۔ اس سوال پر ٹیم انڈیا کے سابق فیلڈنگ کوچ آر سریدھر نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ سریدھر نے کہا ہے کہ شبمن گل ٹیم انڈیا کے اگلے کپتان بننے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق روہت کے بعد شبمن گل کو ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کی کپتانی سونپی جائے گی۔ سریدھر نے اس کی وجہ بھی بتائی ہے۔آر سریدھر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شبمن گل تمام فارمیٹس کے کھلاڑی ہیں اور وہ روہت شرما کے جانشین ہوں گے۔ وہ ٹسٹ اور ونڈے میں روہت شرما کی جگہ کپتان بنیں گے۔ سریدھر نے امید ظاہر کی کہ شبمن گل 2027 ورلڈکپ کے بعد ٹیم انڈیا کے تینوں فارمیٹس کے کپتان بن جائیں گے۔ سریدھر کی باتوں میں وزن بھی لگ رہا ہے کیونکہ ٹیم انڈیا نے پہلے ہی شبمن گل کو ایک طرح سے اپنا جانشین قرار دے دیا ہے۔ گل کو سری لنکا سیریز سے عین قبل ٹیم انڈیاکا ونڈے اور ٹی20 نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز میں نائب کپتان بنانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ موجودہ حالات اسی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ تاہم شبمن گل کے لیے ٹیم انڈیا کا کپتان بننا اتنا آسان نہیں ہے۔ اس کے لیے سب سے پہلے انہیں مسلسل کارکردگی دکھانا ہو گی جو اب تک ان کے لیے کافی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ خاص طور پر ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں وہ مسلسل کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ کئی ماہرین نے انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نائب کپتان بنانے پر اعتراض بھی کیا۔ دراصل ٹی20 میں گل کے اسٹرائیک ریٹ پر ہمیشہ سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ موجودہ ہیڈکوچ گوتم گمبھیر نے خود گزشتہ سال ایک انٹرویو میں پرتھوی شاکو گل سے بہتر ٹی ٹوئنٹی بیٹر قراردیا تھا۔ ایسے میں اگرگل کپتان بننا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی بہترین کارکردگی دینا ہوگی۔