گل کو ٹسٹ کپتان نہیں بنایا جانا چاہیے: سری کانت

   

نئی دہلی 14 مئی (پی ٹی آئی ) : شبمن گل کو اگلے ہندوستانی ٹسٹ کپتان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے لیکن اس دوران سابق ہندوستانی کرکٹر اور1983کے ورلڈ کپ کے فاتح کے سری کانت نے اس کھلاڑی پر ہی سوال اٹھا ئے ہیں۔ سری کانت کا خیال ہے کہ شبمن گل کو ٹسٹ کپتان نہیں بنایا جانا چاہیے۔ سری کانت نے یہاں تک کہا کہ پلیئنگ الیون میں اس کھلاڑی کی جگہ یقینی نہیں ہے۔ سری کانت نے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ میں شبمن گل کا مستقبل یقینی نہیں ہے، اس لیے جسپریت بمراہ کو کپتانی ملنی چاہیے۔ سری کانت نے کہا، شبمن گل کو ٹسٹ کرکٹ میں یقین نہیں ہے۔ جسپریت بمراہ کو کپتانی دی جائے۔ اگر وہ فٹ نہیں ہیں، یا وہ دستیاب نہیں ہیں، تو کے ایل راہول یا رشبھ پنت کو کپتانی ملنی چاہیے۔ ممکن ہے کہ سریکانت نے یہ بات گل کے ٹسٹ ریکارڈ کو دیکھ کر کہی ہو۔ یہ کھلاڑی ابھی تک ٹسٹ فارمیٹ میں خود کو ثابت نہیں کرسکا ہے۔ شبمن گل اب تک 32 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اس دوران صرف 35.05 کی اوسط سے 1893 رنز بنائے ہیں۔ ان کے نام 5 سنچریاں ہیں لیکن ان کی کارکردگی میں کوئی تسلسل نہیں ہے۔ یہ کھلاڑی صرف ہندوستان میں ہی اپنی طاقت دکھا سکا ہے۔ انہوں نے پانچ سنچریوں میں سے چار ہندوستان میں جبکہ ایک سنچری بنگلہ دیش میں بنائی ہے ۔ گل آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے دورے پر بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔گزشتہ سال گل نے 43.30 کی اوسط سے 866 رنز بنائے تھے اور یہ ٹسٹ میں ان کا بہترین سال تھاجبکہ ایک طویل کرئیر ان کا ناکامی کی کہانی سناتا ہے ۔