نئی دہلی، 9 جولائی (آئی اے این ایس)۔ ہندوستانی ٹسٹ کپتان شبھمن گل نے آئی سی سی کی تازہ ترین مردوں کی ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں اپنی کیریئر کا بہترین مقام حاصل کر لیا ہے، جبکہ انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک نے جو روٹ کو پیچھے چھوڑکر ٹسٹ کرکٹ کے نئے سرفہرست بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ شبھمن گل جنہوں نے دوسرے ٹسٹ میں 269 اور 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں، وہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے دونوں اننگز میں 150 سے زیادہ رنز اسکور کیے۔ اس کارکردگی کی بنیاد پر وہ 15 درجے بہتری کے ساتھ چھٹے مقام پرآگئے ہیں۔ ٹسٹ میں 430 رنز کے ساتھ وہ ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بنے ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک نے برمنگھم ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 158 رنز بنا کر نہ صرف اپنی ٹیم کو مستحکم کیا بلکہ ایک بار پھر ٹسٹ کا نمبر ون مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس سے پہلے دسمبر میں وہ ایک ہفتے کے لیے اس مقام پر فائز رہے تھے۔ ان کی ترقی کے بعد جو روٹ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے 89 اور 69 رنز کی اننگز کے بعد چھ درجے ترقی حاصل کی ہے اور اب وہ 39 ویں مقام پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ نے 184 اور 88 رنز کی اننگز کھیل کر16 درجے چھلانگ لگائی ہے اور پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنائی ہے۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج اور آکاش دیپ جنہوں نے بالترتیب سات اور دس وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے بھی درجہ بندی میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ سراج اب 22ویں اور آکاش دیپ 39 درجے بہتری کے ساتھ 45ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ویان مولڈر، جنہوں نے زمبابوے کے خلاف ناقابلِ شکست 367 رنز بنائے، بیٹنگ درجہ بندی میں 34 درجے ترقی کے ساتھ 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولنگ میں بھی تین وکٹیں حاصل کرنے پر وہ چار درجے بہتری کے ساتھ 48ویں نمبر پر آ گئے۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی وہ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں، جہاں ان سے اوپر صرف رویندر جڈیجہ اور مہدی حسن مرزا ہیں۔