گمبھیرہندوستان کیلئے سندر کو نارائن بنانے کے خواہاں

   

پالی کیلے ۔ میدان میں پہنچتے ہی بولروں کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کریں۔ بیٹنگ کے آغاز پر ہی چھکوں اور چوکوں کی بارش کر دیں اور مخالف ٹیم کو پاور پلے میں ہی ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیں، گوتم گمبھیر نے کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے لیے ایسی ہی حکمت عملی اپنائی تھی جس کے نتیجے میں یہ ٹیم آئی پی ایل 2024 کی چمپئن بن گئی۔ اب گوتم گمبھیر آئی پی ایل فارمولے کو ٹیم انڈیا میں بھی نافذ کرنے جا رہے ہیں۔ پالی کیلے سے آنے والی خبروں کے مطابق گوتم گمبھیر کو ایک ایسا کھلاڑی مل گیا ہے جو بالکل سنیل نارائن کی طرح ہندوستانی ٹیم میں بھی کھیلے گا۔ اس پر ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ کریز پر جاکر صرف چھکے اور چوکے مارے ۔ یہ کھلاڑی کوئی اور نہیں بلکہ آف اسپنر واشنگٹن سندر ہیں، جنہیں گوتم گمبھیر نے سنیل نارائن کا کردار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا کے شہر پالی کیلے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گوتم گمبھیر نے ہارڈ ہٹنگ کا کردار واشنگٹن سندرکو دیا ہے۔ اس کھلاڑی کو لگاتار دو پریکٹس سیشنز میں نمبر3 پر بیٹنگ کے لیے طلب کیاگیا ۔ سندر نے بیٹنگ کے دوران طویل فاصلے کی ہٹنگ کی مشق کی۔ یعنی اسے صرف چھکے اور چوکے مارنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ یہ بالکل اسی طرح کی بیٹنگ تھی جو سنیل نارائن آئی پی ایل میں کے کے آر کیلئے کرتے ہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ واشنگٹن سندر بھی بائیں ہاتھ کے بیٹر ہیں اور نارائن کی طرح وہ بھی ایک کفایتی بولر ہیں۔ گوتم گمبھیر کا سنیل نارائن کے کردار میں واشنگٹن سندرکو رکھنے کا منصوبہ مضبوط ہے۔ دراصل سندر اچھی بیٹنگ بھی کرتے ہیں۔ یہ بات وہ بین الاقوامی میچوں میں بھی ثابت کر چکے ہیں۔ یہ 24 سالہ کھلاڑی تینوں فارمیٹس ٹی ٹوئنٹی، ونڈے اور ٹسٹ میں نصف سنچریاں بھی بنا چکا ہے۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف رانچی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سندر نے صرف26 گیندوں پر 50 رنز بنا کر اپنی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ حالانکہ ٹیم انڈیا وہ میچ ہارگئی تھی لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ کھلاڑی زبردست ہٹنگ کر سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گمبھیر کا تجربہ کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔