لندن، 29 جولائی (آئی اے این ایس): ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر انگلینڈ کے خلاف آخری اور فیصلہ کن ٹسٹ سے قبل اوول اسٹیڈیم کے پیچ کیوریٹر لی فورٹس کے ساتھ تلخ کلامی کے باعث ایک تنازعہ کا مرکز بن گئے۔ واقعہ منگل کو ہندوستانی ٹیم کی اختیاری نیٹ پریکٹس کے دوران پیش آیا جب گمبھیر اور فورٹس کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ معاملہ اس قدر بڑھ گیا کہ بیٹنگ کوچ سیتانشوکوٹک کو مداخلت کرنا پڑی اور انہوں نے فورٹس کو پیچھے ہٹایا، جب کہ گمبھیر شدید غصے میں فاصلے سے بحث جاری رکھتے رہے۔ تلخی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے، تاہم سیریزکے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے۔ لارڈز ٹسٹ میں شبمن گل انگلش اوپنرز زیک کرالی اور بین ڈکٹ کے تاخیر سے میدان میں آنے پر ناراض دکھائی دیے تھے۔مانچسٹر میں کشیدگی اپنے عروج پر تھی، جب انگلینڈ نے ممکنہ ڈراکی صورت میں کھیل جلد ختم کرنے کی پیشکش کی، لیکن رویندر جڈیجہ اور واشنگٹن سندر اپنی ذاتی سنگ میل کی تکمیل کے خواہشمند تھے، جس پر دونوں ٹیموں کے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ ہندوستانی ٹیم مانچسٹر ٹسٹ میں زبردست مقابلے کے بعد پیرکو لندن پہنچی اور انڈین ہائی کمیشن کی میزبانی میں ایک استقبالیہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر گمبھیر نے کہا ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ کی تاریخ خاص ہے، اور ہر دورہ ایک چیلنج ہوتا ہے۔ ہم ہر بار برطانیہ میں ملنے والی حمایت کو سراہتے ہیں۔انگلینڈ اس وقت پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ چوتھے ٹسٹ میں جڈیجہ اور سندر کی 203 رنز کی شراکت نے ہندوستان کو ڈرا تک پہنچایا۔آخری ٹسٹ جمعرات کو اوول، لندن میں شروع ہوگا۔