گمبھیر ٹی20 میں سوریا کو کپتان بنانے کے حق میں

   

نئی دہلی ۔ گوتم گمبھیر کے ٹیم میں کوچ کے عہدے پر آنے سے ٹیم میں ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ سری لنکا دورے کے لیے ٹیم انڈیا کے انتخاب سے پہلے ہی ایک بڑی خبر آرہی ہے۔ یہ خبر روہت، ویرات، بمراہ، جڈیجہ جیسے سینئر کھلاڑیوں کی طویل رخصت سے متعلق ہے۔ یہ تمام کھلاڑی ٹی20 ورلڈ کپ چمپئن بننے کے بعد آرام کررہے ہیں۔ ایسے میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ یہ تمام کھلاڑی سری لنکا کے دورے سے باہر رہیں گے لیکن اب خبر ہے کہ انہیں اپنی چھٹیاں ختم کرنی پڑ سکتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر چاہتے ہیں کہ یہ تمام سینئر کھلاڑی سری لنکا میں کھیلی جانے والی ونڈے سیریز کا حصہ بن سکیں۔ اب گوتم گمبھیر کی خواہش کے مطابق اس نئی قیاس آرائی میں کتنی طاقت ہے، یہ تو ٹیم کے اعلان کے بعد ہی پتہ چلے گا لیکن ٹیم سلیکشن سے قبل ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد ماحول میں جوش ضرور بڑھ گیا ہے۔ ہندوستان کا سری لنکا کا دورہ27 جولائی کو شروع ہوگا۔ اس دورے پر پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پھر ونڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ روہت اور کوہلی نے ٹی20 سے کنارہ کشی اختیار کرلی لیکن وہ اب بھی ونڈے فارمیٹ میں سرگرم ہیں۔ نہ صرف روہت ،کوہلی اوربمراہ یہ خبر ہاردک پانڈیا سے بھی جڑی ہوئی ہے۔ خبر ہے کہ ہاردک پانڈیا سری لنکا کے دورے پر ونڈے سیریز سے باہر ہو جائیں گے۔ اس کے پیچھے ہاردک پانڈیا کی ذاتی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ سری لنکا کے دورے پر صرف ٹی20 سیریز میں کھیلتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بی سی سی آئی کو ونڈے سیریز سے باہر رہنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔ خبر یہ بھی ہے کہ ہاردک پانڈیا اپنی ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ گوتم گمبھیر ان کی جگہ سوریا کمار یادو کو کپتان بنانے کے حق میں ہیں۔ ایسے میں یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ سری لنکا کے دورے پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کپتانی کون کرتا ہے۔ رویندر جڈیجہ کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کے اجلاس سے ایک خبر بھی آرہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اکشر پٹیل کے سامنے آنے کے بعد اب ونڈے ٹیم میں جڈیجہ کی جگہ خطرے میں پڑگئی ہے۔