گمبھیر کا موازنہ متنازعہ سابق کوچ چیپل سے کیا جانے لگا

   

ممبئی : جب سے ٹیم انڈیا بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کے لیے آسٹریلیا میں تھی تب سے ہی ٹیم کے اندر اختلافات کی خبریں آتی رہی ہیں۔ پرتھ ٹسٹ میں کامیابی کے بعد کھلاڑی الگ الگ گھومتے نظر آئے اور کامیابی کا جشن ایک ساتھ نہیں منایا۔ میلبورن ٹسٹ میں شکست کے بعد ٹیم انڈیا کے ڈریسنگ روم میں ہونے والی بات چیت باہر آگئی ۔ وہیں اب ایک بار پھرقومی ٹیم کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سینئرکھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں پریکٹس کے وقت اور ہوٹل سے متعلق کچھ خاص مطالبات کیے تھے۔ ایک ذرائع نے کہا وہ (گوتم گمبھیر) سوپر اسٹارکلچرکو ختم کرنے آئے ہیں اور اس سے کچھ کھلاڑیوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ دوسری جانب سلیکشن کمیٹی بھی گمبھیر سے خوش نہیں ہے۔ سلیکشن کمیٹی چاہتی ہے کہ گمبھیر سلیکشن سے متعلق معاملات سے دور رہیں۔ ایک سابق سلیکٹر نے گوتم گمبھیرکا موازنہ ٹیم انڈیا کے سابق کوچ گریگ چیل سے کیا ہے۔ سابق سلیکٹر نے کہا یا توآپ روی شاستری کی طرح میڈیا دوست رہیں اورکھلاڑیوں کی ہمت افزائی والی تصویر دینے والے بیانات دیتے رہیں یا راہول ڈراویڈ، گیری کرسٹن اور جان رائٹ کی طرح خاموش رہیں اور اپنا کام کریں اور کھلاڑیوں کو سرخیوں میں جگہ دیں۔ چیپل کا طریقہ ہندوستان میں کام نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق کوچ چیپل2005 تا 2007 ٹیم انڈیا کے کوچ تھے۔ اپنے دور میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا تنازعہ خبروں میں رہا تھا۔