کولکتہ : ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کولکتہ میں کھیلاگیا۔ یہ سیریز ہندوستان کے لیے جتنی اہم ہے، ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے لیے بھی اتنی ہی اہم ہے۔ ان کا سب کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ ان کی آمد کے بعد سے ہندوستانی ٹیم نے ونڈے اور ٹسٹ میں شکست کے کئی شرمناک ریکارڈ بنائے ہیں۔ ٹیم کو27 سال بعد پہلی بار سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر ٹسٹ تاریخ میں پہلی بار وائٹ واش ہوا اور پھر10 سال بعد آسٹریلیا سے بارڈر ۔گواسکر ٹرافی بھی ہارگئے۔ اب خدشہ ہے کہ ٹیم انڈیا11 سال بعد انگلینڈ سے ٹی 20 سیریز بھی ہار سکتی ہے۔ ٹیم انڈیا کی مسلسل ناکامیوں کے بعد گوتم گمبھیر پرکافی دباؤ ہے۔ ان کا کوچنگ کیریئر خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔ وہ کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہوچکی سیریز میں کامیابی کے خواہاں ہیں ۔ وہ شکست کے ایک اور دھبے سے بچنے کی پوری کوشش کریں گے۔ کیونکہ ہندوستانی ٹیم گزشتہ 11 سالوں سے ٹی20 میں انگلینڈ کے خلاف غلبہ جاری رکھے ہوئے ہے۔2014 میں انگلینڈ نے ہندوستان کو اس کے گھر پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں1-0 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ 11 سالوں میں4 ٹی 20 سیریز ہو چکی ہیں، جس میں ہندوستان نے دوگھر پر اوردو انگلینڈ میں کھیلے ہیں لیکن ہر مرتبہ ہندوستانی ٹیم فاتح رہی ہے ۔ اب ہیڈ کوچ گمبھیر پر اسے کامیابی کو جاری رکھنے کا دباؤ ہے۔