گمبھیر کے کوچ بننے سے ہاردک کیلئے مشکلات

   

نئی دہلی ۔ ہاردک پانڈیا نے ٹیم انڈیاکو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پانڈیا نے گیند اور بیٹ سے کمال دکھا کر ہندوستان کو عالمی چمپئن بنایا، فائنل میں یہ کھلاڑی جنوبی افریقہ کی 3 قیمتی وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، جس کی وجہ سے ہندوستان نے17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا لیکن اب یہ کھلاڑی مشکل میں دکھائی دے رہا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ پانڈیا کے آنے والے دن اچھے نہیں ہیں اور اس کی وجہ نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا کوچنگ انداز ہے ۔ گوتم گمبھیر نے اسٹار اسپورٹس سے بات چیت میں کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ اگر آپ تینوں فارمیٹس کھیل سکتے ہیں تو آپ کو ضرور کھیلنا چاہیے۔گمبھیر نے کہا، میں انجری مینجمنٹ قسم کا نہیں ہوں۔ اگر آپ زخمی ہیں تو آپ جا کر صحت یاب ہو جائیں۔ اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو آپ کو تینوں فارمیٹس کھیلنا چاہیے۔ کوئی بھی بولر سرخ گیند یا سفید گیند کا ماہر کہلانا نہیں چاہتا۔گمبھیر نے مزید کہا ہے کہ وہ کوئی ایسا کھلاڑی نہیں چاہتے جسے وہ صرف ٹسٹ کے لیے رکھیں یا انہیں صرف ونڈے یا ٹی ٹوئنٹی کے لیے کھیلیں۔ میں کسی بھی کھلاڑی کے کام کا بوجھ سنبھالنے کے حق میں نہیں ہوں۔ گمبھیر نے کہا کہ ایک پیشہ ور کرکٹر کا کیریئر مختصر ہوتا ہے اس لیے آپ کو زیادہ سے زیادہ کھیلنا چاہیے۔ کھلاڑی کو تینوں فارمیٹ کھیلنا چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اب ہاردک پانڈیا کو بھی ٹسٹ فارمیٹ کھیلنے پر مجبورکریں گے؟ ہاردک پانڈیا ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں میچ ونر ہیں لیکن وہ زخمی ہونے کے خوف سے ٹسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے۔ ہاردک نے اپنا آخری ٹسٹ سال 2018 میں کھیلا تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ انہیں ٹیم انڈیا کے لیے تیسرا فارمیٹ بھی کھیلنا پڑے گا۔ ٹیم انڈیا پچھلی دو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل ہار چکی ہے اور گوتم گمبھیر کبھی نہیں چاہیں گے کہ ناکامی کی یہ ہار ہیٹ ٹرک بن جائے۔ اس لیے ایسی صورت حال میں اگر انہیں موقع ملتا ہے تو وہ یقینی طور پر پانڈیا سے ٹسٹ کھیلنے کا مطالبہ کرسکتے ہیں ۔