گمبھیر یا فلیمنگ ، کون ہوگا اگلا کوچ، دھونی کا اہم کردار

   

نئی دہلی ۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ خالی ہو جائے گا۔ اس لیے بی سی سی آئی نے نئے کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بورڈ نے کچھ سابق کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کیا ہے جو اس کام میں ماہر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ وی وی ایس لکشمن کے ساتھ گوتم گمبھیر، جسٹن لینگر، رکی پونٹنگ اور چنئی سپر کنگز کے ہیڈ کوچ اسٹیفن بھی دوڑ میں شامل ہیں لیکن گوتم گمبھیر اور اسٹیفن فلیمنگ اس عہدے کے مضبوط دعویدار بتائے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کے سب سے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی فیصلہ کرسکتے ہیں کہ راہول ڈراویڈ کے جانے کے بعد ٹیم کو کون سنبھالے گا۔ بی سی سی آئی کی بہترین کوششوں کے باوجود راہول ڈراویڈ نے اپنی مدت ملازمت بڑھانے سے انکارکردیا ہے جس کے بعد اب نئے کوچ کی تلاش ضروری ہوگئی ہے۔ لیکن سوال اٹھ سکتا ہے کہ اگر یہ بورڈ کا کام ہے تو پھر دھونی فیصلہ کیسے لیں گے۔ دراصل ہندوستان ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق، ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ کے لیے فلیمنگ بی سی سی آئی کی پہلی پسند ہیں لیکن انہوں نے2027 تک یہ کردار ادا کرنے میں کئی مسائل کا اظہارکیا ہے۔ بورڈ نے آئی پی ایل کے آغاز میں ان سے بات کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فی الحال وہ ایسے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں جس میں کم وقت درکار ہو۔ اس کے بعد بورڈ نے گوتم گمبھیر اور رکی پونٹنگ جیسے دوسرے کوچس کی تلاش شروع کردی لیکن چنئی سوپرکنگز کی شکست کے بعد بی سی سی آئی انہیں راضی کرنے کے لیے ایک اور موقع کی تلاش میں ہے اور اس میں مہندر سنگھ دھونی کی مدد چاہتا ہے۔ فلیمنگ پہلے سی ایس کے کے لیے کھیلے اور پھر بطورکوچ اس کا حصہ بنے اور آج تک ٹیم کے کوچ ہیں۔ یہی نہیں، جب چنئی سپر کنگز پر دو سال کی پابندی لگائی گئی تو دھونی نے فلیمنگ کو رائزنگ پونے سوپر جائنٹس میں بھی اپنے ساتھ رکھا۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی آئی پی ایل کے دوران دھونی سے بات نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن اب ان کی ٹیم باہر ہو چکی ہے، اس لیے بورڈ آخری بار دھونی کے ذریعے قسمت آزمانا چاہتا ہے۔ اگر دھونی فلیمنگ کو راضی کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بن سکتے ہیں۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں گوتم گمبھیر کو اس عہدے کا سب سے بڑا دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔ اس لیے اب یہ دھونی کے ہاتھ میں ہے کہ گوتم گمبھیر یا اسٹیفن فلیمنگ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ اسٹیفن فلیمنگ کئی لیگز میں کوچ ہیں۔ وہ منصوبہ بندی اور انتظام کے لیے جانا جاتا ہے۔ وہ 2009 سے چنئی سوپرکنگز سے منسلک ہیں۔ ان کی کوچنگ کے دوران ٹیم پانچ ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ وہ میجر لیگ کرکٹ میں ٹیکساس سوپرکنگز اور جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی میں جوبرگ سوپرکنگز کے کوچ ہیں۔ فلیمنگ دی ہنڈریڈ لیگ میں سدرن بریو کے ہیڈکوچ بھی ہیں۔