گمبھی راؤ پیٹ: خاتون کی موت کے ذمہ دار ڈاکٹر کو ریمانڈ

   

دواخانہ مہربند،غیر مستند ڈاکٹر سے رجوع نہ ہونے عوام سے ڈی ایس پی کی خواہش
گمبھی راو پیٹ، سرسلہ 29 / ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راو پیٹ منڈل کے سمدرا لنگاپور میں ترکاش کالونی سے تعلق رکھنے والی خاتون قاسم بی کی موت کا سبب بننے والے آر یم پی ڈاکٹر جی دیویندر کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے، اس کی اطلاع سرسلہ ڈی ایس پی چندراشیکھر ریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں بتلائی، انھوں نے تفصیلات بیان کرتے ہوے کہا کہ ترکاش پلی کالونی، سمدرا لنگاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والی محمد قاسم بی نامی خاتون عمر 30 سال کو 26 ڈسمبر کو بخار کی شکایت پر علاج کے لیے تمما پور گاؤں میں واقع آر یم پی ڈاکٹر جی دیویندر سے رجوع کیا گیا تھا دیویندر نے قاسم بی کو چیک کرکے انجکشن اور دوائیاں دیں، لیکن اگلے دن بخار کم نہ ہونے پر وہ دوبارہ دیویندر کے پاس گئیں۔ اس بار دیویندر نے انہیں گلوکوز دیا، جس کے بعد قاسم بی بے ہوش ہوگئیں۔ اہل خانہ نے فوراً انہیں ایلا ریڈی پیٹ کے اشونی ہسپتال منتقل کیا، جہاں علاج کے دوران 28 ڈسمبرکو ان کا انتقال ہوگیا۔قاسم بی کے شوہر محمد عظیم نے آریم پی دیویندر پر علاج کے دوران غفلت کا الزام لگاتے ہوئے ایلا ریڈی پیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ ایلا ریڈی پیٹ سب انسپکٹر آف پولیس رماکانت نے کیس درج کیا جبکہ سرکل انسپکٹر سر ینواس نے تحقیقات کے بعد آر یم پی ڈاکٹر دیویندر کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا،اپنے بیان میں ڈی ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیماری کی حالت میں غیر مستند آر یم پی ڈاکٹرز کے پاس جانے سے گریز کریں سرکاری دواخانے سے رجوع ہوں جہاں تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی یاتو پھر اہل ڈاکٹروں سے رجوع ہو کر اپنا علاج کروائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں موجود آر یم پی ڈاکٹرز کو صرف ابتدائی طبی امداد تک محدود رہنا چاہیے۔ اگر وہ لاعلمی کے ساتھ علاج کرکے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالیں گے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور مجرمانہ مقدمات درج کیے جائیں گے،واضح ہو کہ کل رات دیر گیے ضلع کلکٹر سرسلہ سندیپ کمار جھا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلتھ آفیسر سرسلہ نے میڈیکل ٹیم کو تمماپور روانہ کرتے ہوئے بعدتحقیقات آر یم پی ڈاکٹر کے کلینک و میڈیکل کو مہر بند کردیا۔