ایم پدما نرسا گوڑ سرپنچ منتخب ، منڈل کی دیگر نشستوں پر بی آر ایس کا پلڑا بھاری ، کانگریس کا مایوس کن مظاہرہ
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔18 ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤپیٹ منڈل میں منعقدہ گرام پنچایت انتخابات کے نتائج کا باضابطہ طور پر چہارشنبہ کی رات دیر گئے اعلان کر دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل منظم اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ پولنگ کے دوران ووٹروں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔انتخابی حکام کے مطابق منڈل میں اوسطاً 79.75 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ منڈل میں کل ووٹروں کی تعداد 36,135 ہے، جن میں سے 28,816 ووٹروں نے اپنے ووٹ ڈالے۔ پولنگ اور نتائج کے عمل کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔گمبھی راؤپیٹ منڈل کے منجملہ 22 سرپنچوں کی نشستوں پر 11 بی آر ایس، 1 کانگریس،3 بی جے پی کے تائید امیدوار کے علاوہ 7 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ اس انتخاب میں میجر گرام پنچایت گمبھی راؤپیٹ سے آزاد امیدوار ملوگاری پدماں نرسا گوڈ نے 2,483 ووٹوں کی بھاری اکثریت کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق آزاد امیدوار کو مجموعی طور پر 4,109 ووٹ حاصل ہوئے، جب کہ ان کے قریبی حریف بی آر ایس کے امیدوار کو 1,626 ووٹ ملے۔ بی جے پی اور کانگریس کے امیدوار اپنی ڈپازٹ ضبط کروا بیٹھے۔ پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہونے کے بعد انتخابی حکام نے نتائج کا اعلان کیا۔انتخابات کے دوران ووٹروں نے جوش و خروش کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ آزاد امیدوار کی کامیابی پر حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ آزاد امیدوار ملوگاری پدماں نرسا گوڈ کا انتخابی خرچ نہایت محدود رہا۔ عوام کے مطابق امیدوار نے ووٹروں کو کسی قسم کا لالچ نہیں دیا اور نہ ہی انتخابی مہم کے دوران کسی کو چائے تک پلائی۔ بتایا جاتا ہے کہ امیدوار نے محض چند بیلٹ پیپرز کے ذریعے اپنی انتخابی مہم چلائی، جبکہ عوام خود رضاکارانہ طور پر ان کے شانہ بشانہ مہم میں شریک رہے۔عوامی تاثر کے مطابق ووٹروں نے اس انتخاب میں مالی لین دین کو مسترد کرتے ہوئے صاف، شفاف اور اصولی سیاست کے حق میں فیصلہ دیا۔
