گمراہ کن پروپگنڈہ اور فرضی خبریں پھیلانے میں پاکستان ماہر

   

وزیر خارجہ نیپال کا بہت جلد دورہ ہندوستان ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان
نئی دہلی ۔ ہندوستان نے آج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ہندوستان پر غیر ضروری گمراہ کن پروپگنڈہ کا الزام عائد کر رہا ہے ۔ ہندوستان نے آج کہا کہ جہاں تک گمراہ کن پروپگنڈہ کا سوال ہے پاکستان ہی اس کی واضح مثال ہے۔ پاکستان کی جانب سے ہی فرضی اور جھوٹی اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں اور فرضی خبروں کو پھیلایا جا رہا ہے ۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں یوروپی یونین کی ایک گمراہ کن اطلاعات کی لیب رپورٹ کا حوالہ دیا تھا اور ہندوستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ فرضی میڈیا اداروں کے ذریعہ گمراہ کن تشہیر میں ملث ہے ۔ اسی طرح کے الزامات وزیراعظم پاکستان شاہ محمود قریشی نے بھی عائد کئے تھے ۔ وزارت خارجہ ہند کے ترجمان انوراگ سریواستو نے اس تعلق سے سوال پر کہا کہ ہندوستان ایک ذمہ دار جمہوریت ہے اور وہ گمراہ کن مہم چلانے میں یقین نہیں رکھتا ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان سے ہی گمراہ کن اور غلط پروپگنڈہ زیادہ کیا جاتا ہے اور جھوٹی اور فرضی خبروں کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے آن لائین میڈیا بریفنگ میں کہا کہ جو لوگ بین الاقوامی سطح پر مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں جن میںاسامہ بن لادن بھی شامل رہتا ہے وہی لوگ ہیں جو در اصل حقیقت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے گمراہ کن اور جھوٹی و فرضی تشہیر کرتے ہیں اور بوگس میڈیا اداروں کاسہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ پھیلانے میں ماہر کسی ملک کی مثال لینی ہے تو وہ ہمارا پڑوسی ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہم معاملات پر ہندوستان کا موقف اور زمینی حقائق واضح ہیں اور ساری دنیا اسے جانتی بھی ہے ۔ وہ پاکستان سے عائد کئے جانے والے جھوٹے الزامات اور فرضی پروپگنڈہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے کوئی اہمیت دینا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اعلان کیا ہے کہ شہتوت ڈیم کی تعمیر کیلئے ہندوستان اور افغانستان کے درمیان اتفاق رائے اور ایک معاہدہ طئے ہوچکا ہے ۔ امکان ہے کہ اس معاہدہ پر جلد ہی دستخط کئے جانے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نیپال کے وزیر خارجہ بھی بہت جلد ہندوستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔