گنبدان قطب شاہی کو ٹورازم سرکٹ کے تحت ترقی دینے کا عزم: کشن ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ مقامی ہیرٹیج اور سیاحتی مقامات کو جائیں اور انہیں بڑھاوا دیں کیوں کہ ہمارے ملک میں تاریخی اہمیت کے حیرت انگیز عمارتیں ہیں ۔ وہ کل یہاں حیدرآباد پلازا ہوٹل میں مرکز کی لون گیارنٹی اسکیم کے تحت وبا کے متاثرین ٹورازم گائیڈس اینڈ آپریٹرس میں چیکس تقسیم کرنے کے بعد مخاطب کررہے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گنبدان قطب شاہی کو ٹورازم سرکٹ کے تحت ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ریاستی حکومت پر زور دیا کہ اس سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز اور سیاحت کے محکمہ جات نے مشترکہ طور پر 3600 ریلوے کوچس خانگی اداروں کو دئیے ہیں اور انہیں ضرورت کے مطابق چلانے کیلئے منصوبے تیار کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جواہر نووئیا ودیا لیاس میں ٹورسٹ کلبس قائم کئے جائیں گے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے درخواست کی کہ گورنمنٹ اسکولس میں بھی ایسا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔۔