گنبدان قطب شاہی کی عظمت رفتہ بحال کرنے امریکہ کی 1.3لاکھ ڈالر گرانٹ

   

امریکی سفیر مسٹر کین جسٹر کا دورہ گنبدان قطب شاہی ، سفارت خانہ اور آغا خان فاؤنڈیشن کے کاموں کا جائزہ

حیدرآباد۔10مارچ(سیاست نیوز) امریکی سفیر مسٹر کین جسٹر نے آج گنبدان قطب شاہی کا دورہ کرتے ہوئے گنبدان قطب شاہی کے ساتھ تارہ متی اور پریمامتی کی گنبدوں کے تحفظ اور ان کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے سلسلہ میں ایمبیسیڈر فنڈ فار کلچرل پریزرویشن سے ایک لاکھ 3ہزار ڈالر کی گرانٹ منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ گنبدان قطب شاہی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے امریکی سفارتخانہ کی جانب سے آغاخان فاؤنڈیشن کے تعاون واشتراک کے ذریعہ اب تک انجام دیئے گئے کاموں کیلئے 1لاکھ 1ہزار کی گرانٹ سال2014 میں منظور کی جاچکی تھی ۔ مسٹر کین جسٹر کے دورہ کے دوران ان کے ہمراہ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد مسٹر جوئیل ریفمین کے علاوہ آغاخان فاؤنڈیشن اور قونصل خانہ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ دن بھر کی مصروفیات کے دوران امریکی سفیر نے نانک رام گوڑہ میں زیر تعمیر امریکی سفارتخانہ کی نئی عمارت کا بھی دورہ کرتے ہوئے جاریہ کاموں کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی۔ انہو ںنے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ شہر حیدرآباد کے نئے قونصل خانہ کی عمارت کی تعمیر 2021 کے اواخر تک مکمل کرلی جائے گی۔ مسٹر کین جسٹر نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے کام آخری مرحلوں میں داخل ہوچکے ہیں اور ان کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔امریکی سفیر برائے ہند نے ہند۔امریکہ دفاعی تعلقات کے استحکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست لاک ہیڈ مارٹن اور ٹاٹا کے اشتراک کے ساتھ 10 سال سے دفاعی شعبہ میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور س کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہو ںنے مزید کہا کہ لاک ہیڈ کی جانب سے ہندستان کے فضائی شعبہ میں نئے طیاروں پر کام کرنے کے متعلق بھی منصوبہ بندی میں مصروف ہے جو کہ ہند۔امریکہ دفاعی تعلقات میں استحکام کی دلیل ہے۔ مسٹر جسٹر نے شہر حیدرآباد کے مضافات آدی بٹلہ میں موجودمرکز کا بھی معائنہ کیا ۔ انہو ںنے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران گنبدان قطب شاہی کے تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا اور ان کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے امریکی قونصل خانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا جو کہ 12ایکڑ اراضی پر محیط ہے ۔ انہوں نے ان تینو پراجکٹس کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے پراجکٹس کی پیشرفت اور ان کی تکمیل کے سلسلہ میں تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے کام کے معیار کو اطمینان بخش قرار دیا۔