گنبدان قطب شاہی کے قریب خوفناک آتشزدگی ، کوئی جان نقصان نہیں

   

قریبی کالونیوں میں بے چینی، گیس سلنڈرس پھٹ گئے، میکانک شاپ اور دوکانات متاثر

حیدرآباد ۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) ٹولی چوکی کے علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں اس وقت خوف و دہشت پیدا ہوگئی جب گنبدان قطب شاہی کے قریب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ حادثہ کے وقت مسجد توحید میں نماز تروایح جاری تھی اور تقریباً 6 رکعت مکمل ہوچکے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ کی آوازیں اور آگ کے شعلوں سے خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ مسجد کے قریب موجود نوجوانوں کی تعداد نے فوری راحت کاری اقدام کرتے ہوئے حالات پر کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن اس آگ کے شعلے اور خوفناک مناظر سے دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور بھگدڑ شروع ہوگئی۔ خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار ایک طرف آگ دھماکہ کی آواز سے سارا ماحول خوفزدہ ہوگیا۔ تاہم مقامی نوجوانوں اور مسجد توحید کے مصلیوں نے صدر قمرالدین کی نگرانی میں پولیس اور فائرعملہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے راحت کاری کے اقدامات انجام دیئے۔ اس موقع پر دو فائر انجن گاڑیوںنے آگ پر قابو پالیا۔ اس حادثہ کے سبب آس پاس کے علاقوں گلشن کالونی، منی گلشن کالونی، ڈائمنڈ ہلز، ستیہ کالونی، سمتاکالونی اور قلعہ گولکنڈہ میں بے چینی پیدا ہوگئی اور برقی سربراہی میں خلل پیدا ہوگیا۔ اس موقع پر مسجد توحید کے صدر جناب قمرالدین نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ارباب مجاز پتہ لگا رہے ہیں لیکن بروقت چوکسی اور احتیاطی اقدام کے سبب بڑا سانحہ ٹل گیا چونکہ مسجد میں مصلیوں بشمول خواتین مصلیوں کی کافی تعداد موجود تھی۔ ذرائع کے مطابق 2 گیس سلنڈر پھٹ پڑے۔ مسجد سے متصل سب اسٹیشن اور میکانک کے دوکانات میں موجود پرانے ٹائروں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم چندگھنٹوں میں حالات معمول پر آگئے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع