گنبد نما بس شیلٹرز کو خود منہدم کروں گا:بی جے پی ایم پی

   

میسور : بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا نے دھمکی دی ہے کہ اگر سرکاری انجینئر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو اگلے چار دنوں میں میسور۔اوٹی روڈ پر واقع مسجد جیسے بس اسٹینڈ کو منہدم کر دیں گے ۔بی جے پی ایم پی نے یہ ریمارکس بس شیلٹرز کی کچھ تصاویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دیئے ۔اتوار کو میسور میں ایک کتاب کی ریلیز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “میں نے بس شیلٹرز میں گنبد نما ڈھانچے دیکھے ہیں، جن کے درمیان میں ایک بڑا گنبد اور دونوں طرف دو چھوٹے گنبد ہیں۔ یہ خود مسجد ہے ۔ میں نے کے آر آئی ڈی ایل کے انجینئروں کو بتا دیا ہے ۔ میں نے تین چار دن کا وقت دیا ہے ۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو میں جے سی بی لے کر اسے گرا دوں گا۔ سمہا نے یہ بھی کہا کہ اگر شہر کے ڈھانچے میں کوئی علامت کندہ کرنا ہے تو اسے دیوی چمنڈیشوری یا واڈیار کی یاد تازہ کرنی چاہیے ، جو میسور کے سابق ہندو حکمران تھے ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ڈھانچے میں مسجد کی کسی علامت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میونسپل کارپوریشن یا بس شیلٹر بنانے والوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔