گندھاری میں بی جے پی قائد کے خلاف عوام کا احتجاج

   

مختلف اراضیات پر قبضہ اور من مانی کا الزام، تحصیلدار کو یادداشت
یلاریڈی۔/3 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام پنچایت عمارت کی اراضی کے ساتھ ساتھ منڈل گندھاری کے مختلف مقامات پر قبضہ کرنے اور ظلم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے چھوٹا پتنگل علاقہ کی عوام نے گندھاری، بانسواڑہ شاہراہ پر گیٹ کے پاس راستہ روکو دھرنا منظم کیا۔ تفصیلات کے مطابق چھوٹا پتنگل علاقہ سے تعلق رکھنے والا متحدہ ضلع سابق ضلع پریشد ڈپٹی چیرمین موجودہ بی جے پی کسان مورچہ قائد پتنگل کشن راؤ کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے موضع کے خواتین و مرد حضرات نے موضع سے دو کیلو میٹر دور پیدل چلتے ہوئے شاہراہ پر راستہ روکو دھرنا منظم کیا۔ تفصیلات کے بموجب گرام پنچایتوں کی تشکیل نو کے تحت پتنگل کلاں گرام پنچایت سے علحدہ ہوکر چھوٹا پتنگل کو جدید پنچایت کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس جدید گرام پنچایت کو ذاتی عمارت نہ ہونے سے تب سے اب تک موضع میں موجود کمیونٹی ہال میں گرام پنچایت آفس چلائی جارہی ہے۔ جدید پنچایت عمارت کیلئے فنڈ منظور کئے جانے پر کمیونٹی ہال کو منہدم کرکے اس مقام پر جدید گرام پنچایت کی عمارت تعمیر کی جارہی ہے لیکن پتنگل کشن راؤ نے اس اراضی کو اپنی ذاتی اراضی بتاتے ہوئے تعمیری کام میں خلل ڈالنے کا عوام نے الزام لگایا۔ پھر بھی عوام نے متحد ہوکر عمارت کے کام کو جاری رکھتے ہوئے چھت بھی ڈال دیا جس کے بعد بی جے پی قائد متعلقہ عہدیداروں سے شکایت کرتے ہوئے رکاوٹ بن رہا ہے۔ عوام نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائد موضع میں مختلف مقامات پر قبضے کرکے من مانی کررہا ہے۔ موضع میں ایک مندر کو جانے والے راستہ پر بھی قبضہ کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی قائد کشن راؤ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے راستہ روکو دھرنا منظم کیا۔ عوام کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقام احتجاج پہنچ کر عوام کو سمجھا کر دھرنا ختم کروایا۔ بعد ازاں احتجاجیوں نے مل کر تحصیلدار جاناکی کو میمورنڈم دیتے ہوئے کشن راؤ کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔