گنٹور اور مشرقی گوداوری جعلی ووٹرس میں سرفہرست

   

اسمبلی و پارلیمنٹ کے انتخابات کو پرامن بنانے کے اقدامات، چیف الیکٹورل آفیسر اے پی کا بیان

حیدرآباد ۔ 24 مارچ (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں موصولہ فارم نمبر (7) اور (85) فیصد فارم نمبر (7) نقلی و بوگس ہیں۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردیش مسٹر دیویدی نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا اور بتایا کہ نقلی ووٹوں میں گنٹور اور مشرقی گوداوری اضلاع سرفہرست ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست رائے دہندوں سے ووٹروں کے نام خارج کرنے کیلئے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کو جملہ (9.5) لاکھ درخواستیں وصول ہوئی تھیں جن کے منجملہ (1.41) لاکھ درخواستوں کی یکسوئی کی گئی اور (1.41) لاکھ رائے دہندوں کے ناموں کو ووٹرلسٹ سے خارج کیا گیا۔ مسٹر دیویدی نے ضلع واری اساس پر فہرست رائے دہندگان سے ووٹرس کے نام خارج کئے جانے کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ نقلی ووٹ جو خارج کردیئے گئے ان میں ضلع سریکاکلم میں (2579)، وجیانگرم (5166)، وشاکھاپٹنم (2407)، مغربی گوداوری (8699)، پرکاشم (6040)، نیلور (3850)، کڑپہ (5292)، کرنول (7684)، اننت پور (6516)، گنٹور (35,063)، مشرقی گوداوری (24,190)، کرشنا (19,774)، چتور (14.0520 نقلی و بوگس ووٹس پائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست میں اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کسی بھی نوعیت کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا تدارک کرنے کیلئے بھی وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ کئی مبصرین کو تعینات کرکے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں بالخصوص رقومات اور شراب وغیرہ کی غیرقانونی طور پر منتقلی کا سدباب کرنے کیلئے مختلف مقامات پر پولیس و اکسائز عہدیداروں کو تعینات کرکے چیک پوسٹس قائم کئے گئے اور ان چیک پوسٹس پر گاڑیوں وغیرہ کی تلاشی کے ذریعہ کروڑہا روپئے اور کروڑہا روپئے مالیتی غیرقانونی شراب وغیرہ کو ضبط کیا گیا ہے۔