حیدرآباد 10اگست(یواین آئی) گنٹور سے سکندرآباد جانے والی 12705 انٹر سٹی ایکسپریس میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر یہ ٹرین کیسہ مدرم و انٹکی کنے ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان رک گئی۔ اطلاع پر ریلوے حکام نے ہنگامی اقدامات شروع کیے اور انجینئرنگ عملے کو فوری روانہ کیا ۔اس خرابی کے باعث قاضی پیٹ روٹ پر کئی مسافر اور مال گاڑیاں متاثر ہوئیں اور ان کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔ کیسمدرم ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کچھ دیر کیلئے رکی رہی۔ لوکو پائلٹ اور دیگر عملے نے پھٹی ہوئی بریک پائپ کو تبدیل کرکے ٹرین کو بحال کیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ بیس منٹ ٹریفک معطل رہنے کے باعث مسافروں کو پریشانی اور بے چینی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے حکام نے وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے بریک سسٹم اور دیگر آلات کی باقاعدہ جانچ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔