حیدرآباد،30اکتوبر(یواین آئی) اے پی میں ریت کی کمی اور اس تعلق سے حکومت کی نامناسب پالیسی کے خلاف ضلع گنٹور میں ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت تلگودیشم پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری نارالوکیش نے کلکٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا۔اس دھرنے میں تلگودیشم کے دیگر لیڈران این آنند بابو،جی جئے دیو اور دیگر نے بھی حصہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریت کی نامناسب پالیسی کے نتیجہ میں تعمیراتی شعبہ سے وابستہ کئی افراد بے روزگار ہوگئے ہیں اور کئی افراد نے خودکشی بھی کی ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس مسئلہ کا وزیراعلی نے ایک مرتبہ بھی جائزہ لیا؟تلگودیشم پارٹی کے لیڈروں کی زنجیری بھوک ہڑتال بھی جاری ہے جو آج پانچ بجے شام تک جاری رہے گی۔ رکن کونسل ڈی مانیکہ وراپرساد نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکامی کے نتیجہ میں تقریبا 30لاکھ تعمیری مزدور ذریعہ معاش سے محروم ہوگئے ہیں ۔