حیدرآباد ، 17 اگست (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کے نادیڑلہ منڈل میں اُس وقت پیش آیا جب آٹو،کار سے متصادم ہوگیا۔مرنے والوں کی شناخت جی وینکٹ روی اور سیوا کرشنا کے طورپر کی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مہلوکین، دیگر 12افراد کے ساتھ وشاکھاپٹنم سے ضلع نیلور کے کاوالی جارہے تھے کہ آٹو ڈرائیور وینکٹ روی نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ آٹو کار سے ٹکرا گیا۔اس حادثہ میں سیوا کرشنا اور وینکٹ روی کو شدید زخم آئے ، اسپتال منتقلی کے دوران ان کی موت ہوگئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
