گنڈی پیٹ ، درگم چیرو اور حسین ساگر کو خوبصورت پراجکٹس میں تبدیل کرنے کے اقدامات

   

بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی تیاری ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔21نومبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اب تک تیار کئے گئے ماسٹر پلان کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ جو بھی ماسٹر پلان تیارکیا گیا ہے اس میںقدرتی خوبصورتی کو متاثر نہ کیا جائے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے جائزہ اجلاس کے دوران گنڈی پیٹ‘ درگم چیرو اور حسین ساگر کے علاوہ دیگر پراجکٹس کو خوبصورت بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ان پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے منصوبہ کے ساتھ حکومت کو تجاویز روانہ کریں اور حکومت کی جانب سے جلد ان پراجکٹس کو منظوری دیتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جن منصوبوں کو منظوری دی جاچکی ہے ان کو جلد از جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور ان اقدامات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے پائے۔ عہدیداروں نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ گنڈی پیٹ کے قریب سائیکلنگ ٹریک اور واکنگ ٹریک کی تعمیر کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دونوں ہی پراجکٹ قریب الختم ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں دہلی کے طرزپر حیدرآباد ہبیتت سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا اس کے علاوہ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کوکا پیٹ اور کولور میں تیزی کے ساتھ بڑھتی آبادی کو نظر میں رکھتے ہوئے عوامی حمل و نقل کے انتظامات کو یقینی بنانے کی تجاویز تیار کریں کیونکہ ان علاقوں میں رہائشی عمارتوں کا جال پھیلتا جا رہا ہے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں مزید حیدرآباد ہائی ٹیک کنونشن سنٹرس کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں ارضیات کی نشاندہی کریں اور نئے کنونشن سنٹرس کے قیام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جگہ کی فراہمی اور دیگر امور کا جائز ہ لیا جائے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے درگم چیرو کی ترقی کیلئے جاری کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس کے اطراف تالاب کے تحفظ اور عوامی تفریح گاہ کے فروغ کے اقدامات کو بھی یقینی بنانے کے لئے ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔