ہیڈ ماسٹر اور خاتون ٹیچر کا ایک دوسرے پر سیل فون سے حملہ اور نازیبا الفاظ کا استعمال
حیدرآباد یکم / جولائی ( سیاست نیوز ) ایک سرکاری اسکول کے عملہ کے درمیان جھگڑے سے اسکول میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نارسنگی پولیس حدود میں واقع گنڈی پیٹ سرکاری اسکول میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اسکول کی خاتون ٹیچر کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا اور ایک دوسرے پر انہوں نے سیل فون سے حملہ کردیا ۔ واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی اسکول میں کشیدگی اور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ ہیڈ ماسٹر اور اسکول ٹیچر کے درمیان الفاظ کے تبادلہ سے طلبہ میں تشویش پیدا ہوگئی تھی ۔ اسکول میں بچوں کی تعلیم اور تربیت دینے والے ان دونوں اساتذہ کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال بچوں کے مستقبل پر اثر انداز کرسکتا ہے ۔ ہیڈ ماسٹر اور اسکول ٹیچر کے درمیان یہ تنازعہ دیکھتے ہی دیکھتے پولیس اسٹیشن پہونچ گیا اور شکایتوں کا سلسلہ جاری تھا ۔ خاتون اسکول ٹیچر منورما کا ہیڈ ماسٹر راملو پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیا اور سیل فون سے حملہ کرنے کے علاوہ کرسی پھینک دی اور چیخ و پکار کرتے ہوئے غیر غلط الفاظ استعمال کر رہے تھے ۔ جبکہ ہیڈ ماسٹر خاتون ٹیچر پر الزامات کو بے بنیاد قرار دے رہے ہیں اور ٹیچر منورما پر الزام لگارہے ہیں کہ خود خاتون ٹیچر نے ان کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ۔ ان دونوں کے درمیان اسکول کے اوقات پر تنازعہ پیدا ہوا ۔ خاتون ٹیچر پر اسکول تاخیر سے پہونچنے کا الزام لگایا جارہا ہے ۔ جبکہ ہیڈ ماسٹر پر دوپہر کے بعد اسکول سے غائب ہونے کا الزام ہے ۔ پولیس اس معاملہ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔