پریاگ راج:24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں تقریبا ایک ہفتے سے آس پاس کے علاقوں کو زیر آب کرنے والی گنگا۔جمنا کی آبی سطح میں کافی کمی دیکھی گئی ہے اور اب وہ خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہی ہیں جس سے لوگوں نے راحت کی سانس لی۔محکمہ آبپاشی کے انجینئر برجیش کمار گپتا نے آج یہاں بتایا کہ گنگا اور جمنا کا خطرے کا نشان کم ہوگیا ہے ۔ محکمہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گنگا کی آبی سطح بالترتیب پھاپھا مئو میں 84.37،چھت ناگ میں 83.54 اور نینی میں جمنا کا آبی سطح 84.10 میٹر درج کیا گیا ہے ۔ گنگا پھاپھا مئو میں ب36 سینٹی میٹر،اور نینی میں جمنا 63 سینٹی میٹر نیچے بہہ رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پھاپھا مئو اور چھت ناگ میں گنگا تین سینٹی میٹر اور جمنا چار سینٹی میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے کمی آرہی ہے ۔ اگلے دو۔تین دنوں میں زیر آب علاقوں سے پانی واپس ہوجائے گا۔ اب دوسری ریاستوں کے باندھوں سے پانی چھوڑا جانا بند ہوگیا ہے ۔ پہلے جو پانی چھوڑا گیا تھااس سے دونوں ندیوں میں طغیانی آگئی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شہر میں بنے 17 راحت ورسانی کے لئے تین ہزار سے زیادہ افراد کو لگایا گیا ہے ان کیمپوں میں انتظامیہ کی جانب سے کھانے ،پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔