گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارگی قائم رکھنے کی خواہش

   

رمضان کی پیشگی مبارکباد، ایڈیشنل ایس پی کی پریس کانفرنس

بھینسہ ۔ ماہ صیام رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بھینسہ پولیس کی جانب سے بندوبست کے انتظامات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی کرن کھرے آئی پی ایس نے تفصیلات پیش کرنے سے قبل شہر کے مسلمانوں کو رمضان کی پیشگی مبارکباد دی اور کہا کہ بھینسہ میں رمضان کو پُرامن ماحول میں مناتے ہوئے دونوں طبقات کی عوام پولیس تعاون کریں پولیس کی جانب سے شہر میں سخت بندوبست کرتے ہوئے ہر وقت 150 پولیس جوانوں کو متعین رکھا جارہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر دیگر مقامات سے بھی مزید پولیس فورس کو طلب کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ افطاری کی خرید و فروخت کے لیے بنڈیاں گذشتہ کی طرح مدینہ کالونی ، اویسی نگر اور دیگر محلوں میں لگائی جائے اور اہم مارکٹ علاقہ میں صرف عام دنوں میں لگائی جانے والی تجارتی بنڈیوں کو ہی اجازت رہے گی۔ دیگر تجارتی بنڈیوں کو اجازت نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ رمضان کے موقع پر رات میں نمازوں اور عبادتوں کے اوقات کے لیے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائیگا۔ انھوں نے تمام شہریوں سے رمضان کے موقع پر پولیس کا مکمل تعاون کرتے ہوئے شہر میں گنگاجمنٰی تہذیب اور آپسی بھائی چارگی کو بنائے رکھنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر پراوین کمار ، سب انسپکٹران ایم اے ملک ، ہنمنلو دیگر ، محمد غوث ، درشن سرینواس ، محمد صادق اور و دیگر پولیس عہدیداران بھی موجود تھے۔