گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانے کی کوشش

   

نرمل میں تہنیت کی پیشکشی کے موقع پر اقلیتی قائدین جنید میمن، الطاف احمد، عمران اللہ کا خطاب

نرمل ۔ 24 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل کے اقلیتی قائدین بشمول نومنتخب اراکین بلدیہ و نونامزد ضلع کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و سکریٹری نے سید جلیل ازہر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست، نرمل میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سید جلیل ازہر نے گزشتہ ہفتہ ضلع نرمل کی کانگریس کمیٹی کی تشکیل میں حرکیاتی قائد جنید میمن کو جنرل سکریٹری اور الطاف احمد خضر کو ضلع کانگریس سکریٹری نامزد کئے جانے پر ان کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ ان کے ہمراہ سینئر کانگریس قائدین عمران اللہ، محمد رفیع، رفیع احمد، چنو اراکین بلدیہ کے علاوہ ارشد نوید و دیگر موجود تھے۔ ان قائدین نے سید جلیل ازہر کو بھی تہنیت کی نونامزد جنید میمن، الطاف احمد خضر، عمران اللہ نے اس موقع پر کہا کہ بلدی انتخابات میں نرمل جیسے علاقہ میں جہاں اسمبلی حلقہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے کانگریس ایک بڑی طاقت بن کر ابھر آئی ہے۔ یہ ہمارے اتحاد اور عوام کی بے پناہ محبت کا ثمر ہے۔ ہم بھی اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ نرمل میں ترقیاتی کام ہوں یا کوئی مسائل ہوں متحدہ طور پر عوام کی خدمت کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ اس موقع پر ہم پھر ایک بار نرمل کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں کہ وہ ہمیں کامیابی سے ہمکنار کراتے ہوئے عوامی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ عمران اللہ رکن بلدیہ اور جنید میمن نونامزد جنرل سکریٹری ضلع نرمل کانگریس نے کہا کہ آج ملک کے ہر حصہ میں نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہوئے فرقہ پرست جماعتیں اقتدار کی ہوس میں مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔ تاہم سارے ملک میں نفرت کی فضا کے خاتمہ کی خاطر راہول گاندھی عوام کے درمیان پہنچ کر کافی جدوجہد کررہے ہیں۔ ہر علاقہ میں گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانے کے لئے ایک دوسرے کے تہواروں میں شرکت کرتے ہوئے آپس میں خوشیاں باٹنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کا نصب العین ہی سیکولرازم کی بنیاد ہے۔ آج ملک ہو کہ ریاست ایک پائیدار حکومت صرف اور صرف کانگریس پارٹی ہی فراہم کرسکتی ہے۔ آخر میں ان قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ ریونت ریڈی کی مستحکم قیادت کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات میں یکساں ترقی ہو رہی ہے۔ آئندہ بھی اس ریاست کے تمام طبقات کانگریس سے اور ریونت ریڈی کی کارکردگی سے مطمئن رہیں گے۔