ممبئی۔23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی بی سی سی آئی کے سرکاری طور پر صدر مقرر کر دیئے گئے ۔ بی سی سی آئی کی ممبئی میں ہونے والے اجلاس میں گنگولی کو سرکاری طور پر بورڈ کا صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ گنگولی بی سی سی آئی کی65 سال کی تاریخ میں پہلے سابق کرکٹر ہیں جنہیں اس ادارہ کے سربراہ کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل گزشتہ33 ماہ سے سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر منتظمین کی کمیٹی بی سی سی آئی کوسنبھال رہی تھی جس کی مدت بھی سابق کپتان کے تقرر کے ساتھ آج ختم ہو گئی۔گنگولی نے بورڈ کے الیکشن افسر این گوپال سوامي کی موجودگی میں اپنا عہدہ قبول کیا۔ اس کے علاوہ سي اواے کے رکن اور ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن کے نمائندے بھی یہاں موجود تھے ۔گنگولی کے علاوہ چار دیگر عہدیداروں نے بھی سي اواے سے بورڈ میں اپنے اپنے عہدے سنبھالیں گے ۔ منتظمین کی کمیٹی کی صدارت سابق سی اے جی ونود رائے سنبھال رہے تھے جبکہ ڈائنانا ایڈولجی اور لیفٹیننٹ جنرل روی تھوڈگے دیگررکن تھے جو بورڈ کے کے کام کاج دیکھ رہے تھے ۔ رائے نے اس موقع پر کہا، میں بی سی سی آئی کی ذمہ داری چھوڑتے ہوئے مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ پانچ سابق کھلاڑی انتظامیہ کا حصہ ہیں جس سے بہتر اورکچھ نہیں ہو سکتا ۔ اس کا نیا صدر ہمارے سب سے زیادہ کامیاب سابق کپتانوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ پانچ سال گزارے ہیں اور اب بی سی سی آئی کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔