گنگولی کا ہندوستان بشمول 4 ممالک کے ٹورنمنٹ پر غور

   

کولکتہ۔24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی کے مطابق عالمی کرکٹ کی تین بڑی ٹیمیں ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ اگلے سال سے کرکٹ کیلنڈر سے الگ آپس میں سالانہ محدود اووروں کے ٹورنمنٹ کھیل سکتے ہیں۔ بحث کا موضوع رہے ڈے نائٹ کرکٹ فارمیٹ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ٹسٹ انعقاد کے بعد بی سی سی آئی صدر بہت سی نئی اسکیموں پر غور کر رہے ہیں۔گنگولی نے اشارہ دیا ہے کہ ہندوستانی بورڈ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور آسٹریلیا کرکٹ بورڈ (سی اے) کے ساتھ چار ممالک کے ٹورنمنٹ کو ہر سال ان ٹیموں کی میزبانی میں منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے۔یہ انعقاد آئی سی سی کے پروگرام سے ٹکرا سکتا ہے اور اس کے خلاف آواز بھی اٹھ سکتی ہے۔ آئی سی سی کا کیلنڈر پہلے ہی کھچا کھچ بھرا ہوا ہے اور ایسے انعقاد سے اس میں 50 اوور کا ایک اضافی ٹورنمنٹ شامل ہوسکتا ہے لیکن یہ آئی سی سی کے اپنے ٹورنمنٹس کے خلاف رہے گا۔